Home » پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون مزید وسیع کرنے کا فیصلہ،پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون مزید وسیع کرنے کا فیصلہ،پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

by ahmedportugal
26 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور کویت نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور عسکری روابط کو نئے شعبوں تک پھیلانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط بھی کردیئے گئے ہیں۔نئے معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اور سرحدی انتظام سمیت مختلف متفقہ دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون،علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے گئے۔حکام کے مطابق یہ معاہدہ 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم عسکری تعاون کے موجودہ فریم ورک کا تسلسل ہے،جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید منظم اور وسیع کیا جائے گا۔معاہدے کے تحت پاک افواج کی جانب سے کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کو مختلف شعبوں میں تربیتی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ ان کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بارڈر مینجمنٹ اور دیگر باہمی طور پر طے شدہ دفاعی شعبوں میں تعاون کے امکانات کو وسعت دی جائے گی۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات کو باہمی اعتماد،احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر مزید مستحکم کیا جائے گا۔فریقین نے باہمی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں آنے والے وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔وفد کی پاکستان آمد کے دوران دفاعی اداروں کے درمیان روابط اور عملی تعاون کے مختلف پہلووں پر بھی بات چیت کی گئی۔بعد ازاں کویتی دفاعی وفد نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں جانب سے دفاعی اداروں کے درمیان موجودہ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔نئے پروٹوکول ایگریمنٹ کو پاک کویت دفاعی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے،جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود عسکری تعاون کو مزید عملی شعبوں تک وسعت دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز