اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے غزہ میں دیرپا امن اور بحالی کے لیے قائم کیے جانے والے مجوزہ بورڈ آف پیس میں شرکت کی امریکی دعوت قبول کر لی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ دعوت امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دی گئی تھی، جسے پاکستان نے اصولی طور پر قبول کر لیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ میں پائیدار امن، انسانی امداد کی فراہمی اور تعمیرِ نو کے عمل کی حمایت کرتا ہے اور اسی تناظر میں بورڈ آف پیس میں شمولیت کو ایک سفارتی اور انسانی اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس فورم پر بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے اصولی موقف کو اجاگر کرے گا۔اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر چکے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کے انتظامی اور بحالی امور سے متعلق امریکی صدر کی جانب سے تشکیل دی گئی اس کمیٹی میں شامل ہونے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات،بحرین اور مراکش سمیت چند دیگر ممالک بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شرکت کی امریکی دعوت قبول کر چکے ہیں،جس کے بعد اس مجوزہ فورم کی بین الاقوامی حیثیت مزید نمایاں ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق امریکہ اس بورڈ کے ذریعے غزہ میں جنگ کے بعد کی صورتحال،تعمیرِ نو،انتظامی ڈھانچے اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر ایک کثیر ملکی فریم ورک تشکیل دینا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو بورڈ آف پیس میں شرکت کی دعوت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب غزہ میں انسانی بحران، تباہ شدہ انفراسٹرکچر اور خطے میں بڑھتی کشیدگی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔اگرچہ ابتدائی طور پر اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی اور امن کے قیام کی نگرانی بتایا گیا ہے تاہم اس کے چارٹر میں اس کے دائرہ کار کو صرف غزہ تک محدود نہیں کیا گیا،جس پر مختلف سفارتی حلقوں میں بحث جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بورڈ آف پیس کے طریقہ کار،اختیارات اور عملی کردار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان کی شرکت کو خطے میں اس کے سفارتی کردار کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
غزہ کی بحالی پر عالمی صف بندی،پاکستان نے ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت قبول کر لی
3