Home » ہندوستان کی اشتعال انگیزی پر پاکستان کا کرارا،دوٹوک اور بھرپور ردعمل،آئی ایس پی آر کا بھارتی قیادت کو سخت پیغام

ہندوستان کی اشتعال انگیزی پر پاکستان کا کرارا،دوٹوک اور بھرپور ردعمل،آئی ایس پی آر کا بھارتی قیادت کو سخت پیغام

by ahmedportugal
23 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ہندوستان کی حالیہ اشتعال انگیزی اور دھمکی آمیز بیانات پر پاکستان نے نہایت سخت، دوٹوک اور بھرپور ردعمل دیتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت یا غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)نے بھارتی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے والی ایسی روش نہ صرف ناقابلِ قبول ہے بلکہ اس کے نتائج بھی سنگین اور دور رس ہو سکتے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر شدید لفظی محاذ آرائی شروع ہو گئی ہے،جس نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ کشیدگی کا آغاز بھارتی آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی کے ایک متنازع اور دھمکی آمیز بیان سے ہوا،جس میں انہوں نے پاکستان کو عالمی جغرافیے سے مٹانے کا عندیہ دیا،جس پر پاکستان کی جانب سے سخت اور واضح ردِعمل سامنے آیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو جاری اپنے تفصیلی بیان میں بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی خودمختار جوہری ریاست کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دینا ”علمی دیوالیہ پن اور جنگی جنون“ کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر نے دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرناک ہیں بلکہ ایسی کسی بھی مہم جوئی کے نتائج ”دو طرفہ اور تباہ کن“ ہوں گے۔بیان میں زور دیا گیا کہ جوہری طاقتوں کے درمیان معاملات میں سنجیدگی،تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہوتا ہے،نہ کہ اشتعال انگیزی اور دھمکی آمیز زبان۔واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ہفتے کے روز بھارت میں منعقدہ سالانہ سول-ملٹری مکالمہ ”سینا سمواد 2026“کے دوران جنرل اپیندر دویدی سے ایک سوال کیا گیا کہ اگر بھارت کو دوبارہ ”آپریشن سندور“ جیسی کارروائی کرنا پڑی تو پاکستان کو کیا جواب دیا جائے گا۔اس پر بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ اگر پاکستان مبینہ طور پر ”دہشت گردی کی حمایت“ جاری رکھتا ہے تو اسے فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ دنیا کے نقشے پر برقرار رہنا چاہتا ہے یا نہیں۔پاکستانی فوج نے اس بیان کو ”گیدڑ بھبکی“ قرار دیتے ہوئے اپنے ردِعمل میں واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف ایک تسلیم شدہ جوہری قوت ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ایک ناقابل تردید اور مستقل حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی قیادت آٹھ دہائیوں کے بعد بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے میں ناکام رہی ہے،جو اس کے فکری اور سیاسی بحران کی عکاسی کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت میں پائی جانے والی انتہا پسند سوچ ہی خطے کو بار بار جنگی کشیدگی اور بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔پاکستان کے مطابق نئی دہلی کا جارحانہ لب و لہجہ دراصل اس کی سفارتی اور سٹریٹجک ناکامیوں کا نتیجہ ہے،جسے پاکستان نے ”معرکہ حق“ کے دوران عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔

پس منظر کے طور پر یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کا آغاز گزشتہ سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے سے ہوا تھا،جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کے اندر فضائی کارروائی کا دعویٰ کیا جسے ”آپریشن سندور“کا نام دیا گیا۔اس کے بعد دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان چار روز تک شدید فضائی اور میزائل جھڑپیں جاری رہیں۔پاکستان کا موقف ہے کہ اس دوران اس نے بھارت کے جدید ترین رافیل طیاروں سمیت چھ سے زائد جنگی طیارے مار گرائے۔حالیہ دنوں میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھی سخت بیانات سامنے آئے،جنہوں نے کہا کہ ”آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا“،جس پر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی لفظی جنگ نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے اور اس صورتحال میں سفارتی مکالمہ اور کشیدگی میں کمی کے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز