Home » بیرون ملک نوکری کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے الرٹ،جعلی ویزا، جھوٹی نوکریوں کا جال، حکومت کا شہریوں کو محتاط رہنے کا انتباہ

بیرون ملک نوکری کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے الرٹ،جعلی ویزا، جھوٹی نوکریوں کا جال، حکومت کا شہریوں کو محتاط رہنے کا انتباہ

by ahmedportugal
25 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت نے بیرون ملک روزگار کے حصول کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ورک ویزا اور ملازمتوں کے نام پر ہونے والے بڑھتے ہوئے فراڈ سے بچنے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ بعض عناصر بیرون ملک نوکریوں کے جھوٹے دعوے، جعلی ورک ویزوں اور غیر قانونی بھرتیوں کے ذریعے عوام کو مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بیورو نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ایجنٹ یا فرد کی زبانی یقین دہانی پر بھروسہ کرتے ہوئے رقم ادا نہ کی جائے کیونکہ اس طرح کے معاملات میں شہری لاکھوں روپے سے محروم ہو سکتے ہیں۔حکام کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے حصول کے لیے تمام معلومات اور مواقع کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کرنا ضروری ہے۔ بیورو نے واضح کیا کہ ٹریول ایجنسیاں صرف سفری سہولیات، ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ تک محدود خدمات فراہم کر سکتی ہیں، جبکہ بیرون ملک ملازمت دلوانا یا ورک ویزا جاری کروانا ان کے قانونی دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔بیورو آف امیگریشن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک روزگار کے لیے صرف حکومت سے منظور شدہ اور لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں سے رابطہ کیا جائے اور ملازمت سے متعلق تمام تفصیلات کی تصدیق سرکاری فارن جابز پورٹل کے ذریعے کی جائے۔حکام نے کہا کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کی کوشش نہ صرف مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے بلکہ شہری قانونی مشکلات کا بھی شکار ہو سکتے ہیں۔ ملازمت کے نام پر رقم وصول کرنے والے کسی بھی غیر قانونی فرد یا ادارے کے خلاف فوری طور پر متعلقہ حکام اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو اطلاع دی جائے تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔بیورو نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی غیر مصدقہ ایجنٹوں، سوشل میڈیا پر موجود جعلی اشتہارات یا درمیانی افراد کے حوالے نہ کریں اور بیرون ملک روزگار کے لیے صرف قانونی اور سرکاری طریقہ کار اختیار کریں۔ حکام کے مطابق احتیاط اور تصدیق ہی شہریوں کو ورک ویزا فراڈ سے محفوظ رکھنے کا موثر ذریعہ ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز