اسلام آباد(ایگزو نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی،جس میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی جانب سے ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اس کے جائز موقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات،سفارتکاری اور پرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی مسائل کا حل صرف بات چیت اور باہمی اعتماد سے ممکن ہے۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان اقتصادی تعاون،رابطہ کاری،توانائی،تجارت اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات خطے میں مستقل امن کی بنیاد ثابت ہوں گے۔صدر مملکت نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے لیے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر ایرانی صدر نے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔صدر زرداری نے مسلم امہ کے اتحاد اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔