اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور حالیہ کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماوں نے موجودہ حالات کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کے لیے جاری تمام سفارتی کوششوں کی پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے، سفارتکاری اور پرامن ذرائع کو ہی واحد موثر راستہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطے برقرار رکھے جائیں گے تاکہ پیش رفت سے باخبر رہتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں سکیورٹی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے پیش نظر پاکستان اور ایران کے درمیان یہ رابطہ خطے میں امن کی کوششوں کا ایک اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا اہم رابطہ،پاکستان اور ایران کا کشیدگی کم کرنے پر اتفاق
4