پاکستان نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کو دارلحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او کے آئندہ اجلاس میں مدعو کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت کے علاوہ دوسرے سربراہان مملکت کو بھی اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ کچھ ممالک نے پہلے ہی میٹنگ میں ان کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے ساتھ براہ راست دوطرفہ تجارت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان 15-16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے۔ اس تقریب سے قبل ایک وزارتی میٹنگ اور ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان مالی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون پر مرکوز سینئر حکام کی میٹنگوں کے کئی دور ہوں گے۔