ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں معاشی تعاون، ترقی اور پائیدار شراکت داری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے، کیونکہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پالیسیوں میں واضح اصلاحات لا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ترقی و جدت کا انجن ثابت ہو سکتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات شروع کیے ہیں، جن سے شفافیت میں اضافہ اور کرپشن میں نمایاں کمی آئی ہے، ڈیجیٹل نظام کے نفاذ نے حکومتی کارکردگی بہتر بنائی اور مالی شفافیت کو فروغ دیا۔وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سیلاب اور قدرتی آفات کے نتیجے میں اربوں ڈالر کے نقصانات برداشت کیے، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور زرعی زمینیں تباہ ہو گئیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھا کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کو اپنی سابقہ غلطیوں سے سیکھ کر پائیدار ترقی کی راہ اختیار کرنا ہوگی تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم دنیا تشکیل دی جا سکے۔
پاکستان اب بدل چکا ہے،شہباز شریف کا فیوچر سمٹ میں تاریخی خطاب،عالمی سرمایہ کاروں کو کھلی پیشکش کر دی
8