ڈھاکہ(ایگزو نیوز ڈیسک)ڈھاکہ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے،جہاں دن کے اختتام تک قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے۔ڈیبیو کرنے والے نوجوان اوپنر اذان اویس 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عبداللہ فضل 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق شیر بنگال کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے دن کا آغاز بنگلہ دیش نے 301 رنز چار کھلاڑی آوٹ سے کیا تاہم پاکستانی بولرز، خاص طور پر محمد عباس نے نپی تلی اور جارحانہ بولنگ سے میزبان ٹیم کو زیادہ دیر تک کریز پر ٹکنے نہ دیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 413 رنز پر آوٹ ہو گئی،جس میں عباس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔صبح کے سیشن میں محمد عباس نے اہم بریک تھرو فراہم کرتے ہوئے لتن داس کو آوٹ کیا،جس کے بعد انہوں نے مسلسل دباو برقرار رکھتے ہوئے لوئر مڈل آرڈر کو بھی نشانہ بنایا۔ مشفق الرحیم نے مزاحمت ضرور کی اور 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے انہیں آوٹ کر کے بنگلہ دیش کی امیدوں کو دھچکا پہنچایا۔ آخری وکٹ کے لیے تسکین احمد نے کچھ مزاحمت کی اور تیز رفتار 28 رنز بنائے لیکن بنگلہ دیش کی اننگز 413 رنز پر اختتام پذیر ہوئی۔
پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز پراعتماد انداز میں ہوا،جہاں ڈیبیوٹنٹ اذان اویس نے امام الحق کے ساتھ مل کر 106 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔امام الحق 45 رنز بنا کر آوٹ ہوئے لیکن اذان اویس نے اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کی۔انہوں نے صرف 65 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی، جس میں خوبصورت شاٹس اور 12 چوکے شامل تھے۔اذان اویس اس کارکردگی کے ساتھ ٹیسٹ ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والے 42ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ ان کی بیٹنگ میں اعتماد اور تکنیک دونوں کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا،جس نے ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔اننگز کے دوران ایک موقع پر انہیں تیز گیند لگنے سے تکلیف بھی ہوئی تاہم انہوں نے حوصلہ نہ ہارا اور بیٹنگ جاری رکھی۔د
وسرے اینڈ پر عبداللہ فضل نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کو سنبھالے رکھا،جس کے باعث پاکستان نے دن کے اختتام تک ایک مستحکم پوزیشن حاصل کر لی۔اس شاندار آغاز کے بعد پاکستان کو اب بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے اور برتری حاصل کرنے کے لیے مضبوط موقع حاصل ہو چکا ہے۔میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنتو کی سنچری اور مومن الحق کی 91 رنز کی اننگز نے میزبان ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا تھا تاہم دوسرے روز پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی،خصوصاً محمد عباس کی تباہ کن بولنگ نے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے اور مقابلہ ایک بار پھر دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔