Home » ملک بھر میں شدید سردی کی نئی لہر،بارش اور برفباری کا الرٹ، مری سیل،شاہراہیں بند،حکومت کا غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ

ملک بھر میں شدید سردی کی نئی لہر،بارش اور برفباری کا الرٹ، مری سیل،شاہراہیں بند،حکومت کا غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف حصوں میں موسمیاتی صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے،جہاں شدید سردی کی نئی لہر کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔مری سمیت اہم سیاحتی اور پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے باعث راستے بند کر دیے گئے ہیں،ہوٹلز مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور سیاحوں کی بڑی تعداد پہلے ہی مقامات پر موجود ہے۔حکومت نے شہریوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ملک کے مختلف علاقوں میں موجود رہائشی، مسافر اور کاروباری حلقے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ انتظامیہ برف ہٹانے اور سڑکیں کھولنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل تک ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی حکام کے مطابق 25 جنوری کو مغربی ہواوں کا ایک نیا اور طاقتور سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے،جو بتدریج پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ کرے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 جنوری کو یہ سلسلہ مزید علاقوں تک پھیل جائے گا،جس کے باعث موسم نہ صرف سرد بلکہ مرطوب بھی ہو جائے گا۔پیش گوئی کے مطابق 25 اور 26 جنوری کو بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔اسی طرح 26 سے 27 جنوری کے دوران گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے،جس کے باعث سردی کی لہر مزید شدت اختیار کرے گی۔شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پہاڑی علاقوں کا سفر انتہائی ضرورت کے تحت ہی کریں۔دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں برفانی طوفان کا سلسلہ اگرچہ تھم گیا ہے تاہم ہلکی اور درمیانی شدت کی برفباری بدستور جاری ہے۔انتظامیہ کے مطابق مری میں اب تک ساڑھے تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے،جس کے باعث نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کا عمل تقریباً آدھا مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے تا کہ ٹریفک کی روانی بحال رکھی جا سکے۔انتظامیہ نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مری میں مزید سیاحوں کے داخلے پر پابندی برقرار رکھی ہے۔شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ کسی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

شدید برفباری کے باعث اسلام آباد انتظامیہ نے مری جانے والے تمام راستے صبح سے بند کر رکھے ہیں جبکہ مری ایکسپریس وے کے داخلی مقام پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مری میں شدید برفباری کے باعث این-75 اور مری ایکسپریس وے پر موٹروے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے،جو مسافروں کی رہنمائی میں مصروف ہے۔برف ہٹانے والی مشینری اور دیگر آلات بھی مسلسل کام کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مری کا رخ کرنے والے شہریوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری میں تمام ہوٹل مکمل طور پر بھر چکے ہیں،گنجائش سے زیادہ گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں اور مزید گاڑیوں کی گنجائش موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مری کا سفر کرنے سے فی الحال گریز کریں کیونکہ بڑی تعداد میں سیاح پہلے ہی موجود ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز