جنوبی افریقہ نے ریزا ہینڈرکس اور رسی وین ڈیر ڈوسن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں سات وکٹوں سے شکست دیدی۔ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پروٹیز نے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔
میزبان ٹیم نے 206 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ریز ہینڈرکس 117 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ڈوسن 66 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ہینڈرکس کو جارحانہ بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب نے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ بابر اعظم نے 31 جبکہ عرفان خان نے 30 رنز سکور کیے۔
دوسرے میچ میں بلے بازوں نے تو اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن قومی ٹیم کے بولرز آفریقی بیٹرز کو جلد آوٹ کرنے میں ناکام رہے۔ جس کی وجہ سے انہوں نے 206 جیسا بڑا سکور آسانی سے پورا کرلیا۔