اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی،جس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 15 سے 26 مئی 2027 تک کھیلے جائیں گے۔سیریز کا آغاز 15 مئی کو ساوتھمپٹن سے ہو گا،جہاں دونوں ٹیمیں پہلے ون ڈے میں مدمقابل آئیں گی۔سیریز کا دوسرا میچ 19 مئی کو مانچسٹر،تیسرا ون ڈے 21 مئی کو لیڈز،چوتھا میچ 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 26 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے جنوبی افریقہ،زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 سے قبل اپنی حکمت عملی،کمبی نیشن اور کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک منعقد ہوگا۔
آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان اس وقت پانچویں پوزیشن پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کی کرکٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملتا رہا ہے اور آنے والی سیریز بھی شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں ون ڈے سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا،جہاں تین میچز پر مشتمل سیریز میں بابر اعظم نمایاں بیٹر رہے تھے اور انہوں نے مجموعی طور پر 177 رنز سکور کیے تھے،جس میں تیسرے ون ڈے میں ان کی 158 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔مئی 2027 کی یہ سیریز پاکستان اور انگلینڈ دونوں کے لیے عالمی کپ کی تیاریوں، نئے کھلاڑیوں کے انتخاب اور ٹیم کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایک اہم مرحلہ ثابت ہو سکتی ہے۔