لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حالیہ ایران اور امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان نے اہم اور مثبت کردار ادا کیا جس کے باعث آج دنیا پاکستان کو ایک ”پیس میکر“کے طور پر دیکھ رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور قومی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں حضرت علی ہجویریؒ کے مزار پر غسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مشکل علاقائی صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کیا اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے۔ان کے مطابق اس عمل میں حکومتی قیادت کے ساتھ ساتھ عسکری سطح پر بھی نمایاں کردار ادا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی اور ایک برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی ثبوت دیا۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر اسلامی ممالک کی جانب سے اس نوعیت کا واضح موقف سامنے نہیں آیا تاہم پاکستان نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط کی۔
نائب وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکال کر ایک ذمہ دار اور موثر ریاست کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اب عالمی برادری پاکستان کو امن، استحکام اور تعمیری کردار کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں مثبت انداز میں لیا جا رہا ہے اور ملک کی عالمی ساکھ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اسحاق ڈار نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں اور پاکستان دوبارہ استحکام کی جانب گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان عالمی معیشت میں نمایاں مقام رکھتا تھا اور اب دوبارہ اسی مقام کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے بعد میزائل پروگرام میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو ایک مضبوط معاشی قوت بنایا جائے۔ان کے مطابق وزیراعظم دن رات اس مقصد کے لیے کوشاں ہیں اور مستقبل قریب میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حضرت علی ہجویریؒ کے مزار کی توسیع کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ ملک کی تاریخ کی بڑی توسیعی سکیموں میں شامل ہے،جس کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے روحانی اجتماعات معاشرے میں محبت،بھائی چارے اور استحکام کو فروغ دیتے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نہ صرف سفارتی بلکہ دفاعی لحاظ سے بھی مضبوط ہے اور اگر کسی نے ملک کی طرف بری نظر سے دیکھا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر ملک کے ساتھ برابری اور احترام کی بنیاد پر تعلقات رکھتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔