Home » پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں،امریکی تحویل سے ایرانی عملے کے 22 افراد کراچی پہنچ گئے،وطن واپسی کی تیاریاں

پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں،امریکی تحویل سے ایرانی عملے کے 22 افراد کراچی پہنچ گئے،وطن واپسی کی تیاریاں

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی موثر سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکی تحویل میں لیے گئے ایرانی بحری جہاز کے عملے کے 22 افراد بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں،جہاں ان کی جلد وطن واپسی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق اس پیشرفت کو خطے میں انسانی بنیادوں پر تعاون اور سفارتی روابط کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان نے اس پورے عمل میں امریکا اور ایران کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کلیدی کردار ادا کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے روکے گئے بحری جہاز کے ایرانی عملے کے 22 ارکان بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں،جہاں سے ان کی جلد وطن واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ “لینور/ڈاوینا” نامی جہاز کے ایرانی عملے کی کراچی آمد جمعہ کی سہ پہر کو عمل میں آئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،ایران میں قائم متعلقہ سفارتی مشنز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ان افراد کی محفوظ اور فوری واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اس پورے معاملے میں ابتدا سے ہی امریکا اور ایران کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا اور انسانی بنیادوں پر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ ایرانی عملے کا چوتھا گروپ ہے جس کی واپسی میں پاکستان نے سہولت فراہم کی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اب تک پاکستان 70 سے زائد ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں مدد فراہم کر چکا ہے،جن میں حالیہ طور پر کراچی پہنچنے والے 22 افراد بھی شامل ہیں۔انہوں نے ایرانی قیادت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔واضح رہے کہ مذکورہ بحری جہاز کو امریکی فورسز نے 5 جون کو بحیرہ عرب میں اس وقت روکا تھا جب وہ مبینہ طور پر ایرانی خام تیل منتقل کر رہا تھا۔شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق جہاز پر تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا۔اس سے قبل 17 جون کو بھی وزیر خارجہ نے بتایا تھا کہ پاکستان 30 ایرانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کر رہا ہے،جن میں 8 ماہی گیر شامل تھے جنہیں سمندر میں ایک برطانوی جہاز نے ریسکیو کیا تھا جبکہ باقی 22 افراد اسی جہاز کے عملے کا حصہ تھے جنہیں امریکی حکام نے تحویل میں لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن تعاون کے لیے پرعزم ہے اور ایرانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز