Home » علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت،پاکستان کا فوجی دستہ سعودی عرب پہنچ گیا

علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت،پاکستان کا فوجی دستہ سعودی عرب پہنچ گیا

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)سعودی عرب کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دوطرفہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گیا ہے،جسے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم عسکری پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سعودی وزارت دفاع کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یہ فوجی دستہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت تعینات کیا گیا ہے،جس کا مقصد دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔بیان کے مطابق پاکستانی فورس پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے،جو مشترکہ عسکری مشقوں،جنگی تیاری کی سطح میں اضافے اور علاقائی و عالمی سطح پر استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے سعودی وزارت دفاع کے بیان کو شیئر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا،جس پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کیے تھے۔اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا اور مشترکہ دفاعی ردعمل دیا جائے گا۔اس معاہدے کی اہم شقوں کے مطابق دونوں ممالک نہ صرف دفاعی تعاون کو فروغ دیں گے بلکہ کسی بھی بیرونی خطرے کی صورت میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے کی عسکری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث سکیورٹی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔سعودی عرب سمیت خطے کے کئی ممالک اس کشیدگی سے متاثر ہوئے ہیں،جہاں آئل تنصیبات پر حملوں اور آبنائے ہرمز کی بندش جیسے عوامل نے عالمی معیشت پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم مذاکرات جاری ہیں،جس کے باعث پاکستان ایک بار پھر علاقائی اور عالمی سفارتکاری میں مرکزی کردار ادا کرتا نظر آ رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز