اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری دن ہے اور بھارتی جارحیت کے خلاف دیا گیا دندان شکن جواب ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا گیا،جس سے قومی دفاعی صلاحیت اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا کے سامنے واضح ہوئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے 10 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا ردعمل ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بلا اشتعال پاکستان پر جنگ مسلط کی اور شہری آبادی سمیت عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کے متعدد طیارے مار گرائے گئے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صدر آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دیرینہ تنازع ہے جس کا حل ناگزیر ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے افغانستان کے راستے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا خاتمہ ناگزیر ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام عناصر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنائے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،مسلح افواج کے سربراہان،سپیکر قومی اسمبلی،چیئرمین سینیٹ،وفاقی وزرا،غیر ملکی سفرا،سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔