Home » خلیجی کشیدگی میں کمی کے بعد حکومت کا بڑا اقدام،ڈیزل 135 روپے سستا،پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی

خلیجی کشیدگی میں کمی کے بعد حکومت کا بڑا اقدام،ڈیزل 135 روپے سستا،پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں غیر معمولی حد تک کمی جبکہ پٹرول کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے اسے عوامی ریلیف کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ اس کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ تجویز دی گئی تھی کہ قیمتوں میں کمی کا کچھ حصہ حکومتی اخراجات کے لیے محفوظ رکھا جائے تاہم انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو مکمل ریلیف دینے کو ترجیح دی۔اعلان کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 135 روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے جبکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے کے بعد ہو گا،جس کے تحت ڈیزل کی قیمت 385 روپے اور پٹرول کی قیمت 366 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں خلیجی خطے کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد کشیدگی میں کمی آئی ہے اور فریقین مذاکرات کی میز پر آنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔انہوں نے ایران اور امریکہ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی کی تجویز قبول کی اور پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے اس سفارتی پیش رفت کو پاکستان اور عالم اسلام کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی قیادت نے اس حساس مرحلے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکیورٹی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے ممکنہ کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے مشکل دور میں حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور قیمتوں کے دباو کو کم کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی ریلیف ہے اور مستقبل میں بھی ایسے فیصلے کیے جاتے رہیں گے جن سے عام شہری کو براہ راست فائدہ پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف عام صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ زرعی شعبے اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی،جس سے مجموعی طور پر مہنگائی کے دباو میں کمی متوقع ہے۔ساتھ ہی موٹر سائیکل،پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے جاری سبسڈی کو برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق پٹرولیم قیمتوں میں یہ کمی معیشت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے تاہم اس کے دیرپا فوائد کا انحصار عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے استحکام اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے تسلسل پر ہو گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز