راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے دھول چٹا دی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، شاندار بولنگ، متوازن بیٹنگ اور میدان میں بہترین فیصلے پاکستان کی جیت کا خاصہ رہے،جس نے پوری سیریز کا پانسہ پلٹ کر قومی ٹیم کو اعتماد اور تسلسل دونوں فراہم کیے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے لیکن پاکستانی بیٹرز نے اس ہدف کو 48.2 اوورز میں صرف دو وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، جس نے سری لنکن باولرز کو مکمل بے بس کر دیا۔سری لنکا کی اننگز کا آغاز تو پراعتماد تھا۔اوپنرز پاتھم نسانکا اور کامل مشارا نے 51 رنز کی شراکت قائم کرکے مضبوط بنیاد رکھی تاہم نسانکا 24 رنز بنا کر نسیم شاہ کی تیز تھرو پر رضوان کی پھرتی کا شکار ہو گئے، جو پاکستان کے لیے پہلی بڑی کامیابی ثابت ہوئی، اس کے بعد وکٹ کیپر کامل مشارا 27 رنز کے ساتھ ابرار احمد کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہوئے۔ابتدائی جھٹکوں نے مہمان ٹیم کو دباو میں ڈال دیا۔ سری لنکا کی تیسری اور چوتھی وکٹ بھی وقفے وقفے سے گریں، جب ابرار احمد نے مسلسل اوورز میں کوشل مینڈس (20) اور کپتان چریتھ اسالنکا (6) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس وقت سری لنکن ٹیم کا سکور 98 پر 4 تھا اور بیٹنگ لائن شدید دباو میں نظر آئی۔اہم موقع پر سدیرا سمارا وکراما اور جانتھ لیاناگے نے تجربہ اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز کی شراکت دار ی نبھائی اور سکور 159 تک پہنچایا مگر حارث روف نے خطرناک ہوتی بیٹنگ لائن پر بجلی گراتے ہوئے سدیرا سمارا وکراما کو 42 رنز پر بولڈ کر دیا۔جانتھ لیاناگے نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی جبکہ ان کا ساتھ کامندو مینڈس نے دیا جس نے 44 رنز کی پراعتماد اننگز کھیلی۔ دونوں نے مل کر چھٹی وکٹ پر 73 قیمتی رنز جوڑے لیکن حارث روف کے تباہ کن سپیل نے ایک بار پھر سری لنکا کی امیدوں کو کمزور کر دیا۔کامندو مینڈس کو 44 پر صائم ایوب کی شاندار کیچنگ کے ساتھ آوٹ کیا گیا جبکہ لیاناگے 54 رنز پر وسیم جونیئر کا نشانہ بنے۔8 وکٹیں 244 تک گرنے کے بعد لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم 260 سے آگے نہیں بڑھ پائے گی مگر ہسارنگا نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 37 رنز سکور کیے جبکہ پرامود مدھوشن نے 11 ناٹ آوٹ رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں نے نویں وکٹ پر 44 رنز جوڑ کر ٹیم کو 288 کے ہدف تک پہنچا دیا۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث روف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ایک بیٹر رن آوٹ ہوا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے انتہائی ذمہ دارانہ اور پراعتماد انداز اپنایا۔ اوپنرز نے مستحکم بنیاد رکھی،جس نے پوری بیٹنگ لائن کو اعتماد بخشا۔پاکستانی بلے بازوں نے سری لنکا کے باولرز کو کسی مرحلے پر کھیل میں واپس آنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل مثبت کرکٹ کے ذریعے 289 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں مکمل کر لیا۔پاکستان کی یہ فتح نہ صرف بڑے مارجن سے ملی بلکہ اس نے پوری ٹیم کے اعتماد میں زبردست اضافہ کیا۔ 8 وکٹوں کی آسان جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی اور اب تیسرا میچ محض رسمی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔