ڈھاکہ(ایگزو نیوز ڈیسک)ڈھاکا میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 386 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی،جس کے نتیجے میں میزبان بنگلادیش کو 27 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا جبکہ بنگلادیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنا لیے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان نے تیسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز ایک وکٹ پر 179 رنز سے کیا،جہاں اذان اویس اور عبداللہ فضل وکٹ پر موجود تھے۔اذان اویس نے اپنے کیریئر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 103 رنز کی اننگز کھیلی،جس میں 14 چوکے شامل تھے تاہم ان کے آوٹ ہوتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دباو کا شکار ہوگئی۔کپتان شان مسعود صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔عبداللہ فضل نے بھی اپنے پہلے ٹیسٹ میں نصف سنچری سکور کی اور 60 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد پاکستان کی نصف ٹیم 230 رنز پر پویلین واپس جاچکی تھی۔مشکل صورتحال میں سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 119 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔محمد رضوان 59 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد آنے والے کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 386 رنز پر آوٹ ہوگئی۔بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیج الاسلام اور تسکین احمد نے دو،دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،ناہید رانا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے تھے،جس میں نجم الحسن شانتو نے 101،مومن الحق نے 91 اور مشفیق الرحیم نے 71 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔میچ اس وقت نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے،جہاں بنگلادیش کو برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کو واپسی کے لیے باولنگ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔