Home » پاک چین عسکری شراکت داری نئی بلندیوں پر،فیلڈ مارشل نے دونوں ملکوں کی دوستی کو ‘ناقابلِ شکست’ قرار دے دیا

پاک چین عسکری شراکت داری نئی بلندیوں پر،فیلڈ مارشل نے دونوں ملکوں کی دوستی کو ‘ناقابلِ شکست’ قرار دے دیا

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی(پی ایل اے)کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ژونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ڑونگ،چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے چین کے دفاع،قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو منفرد،آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنے والا رشتہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی ہمیشہ مضبوط اور مستحکم رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں،جن کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ پر مبنی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن،استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ژونگ نے تقریب کے انعقاد پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔تقریب میں پاک چین دوستی،دفاعی اشتراک اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو سراہا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مستقبل میں مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز