دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے اعلان نے عالمی کرکٹ میں ہلچل مچادی ہے، جس سے نہ صرف بھارتی براڈکاسٹرز بلکہ آئی سی سی اور دیگر شراکت داروں کے مالی منصوبے شدید خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاک بھارت میچ بائیکاٹ کے باعث بھارتی براڈکاسٹرز کو تقریباً 500 ملین ڈالر (تقریباً 141 ارب روپے) نقصان کا خدشہ ہے، جبکہ میچ کی ٹکٹ آمدنی سے آئی سی سی کو بھی لاکھوں ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلہ محض ایک میچ نہیں بلکہ پوری ٹورنامنٹ کی مالی جان سمجھا جاتا ہے، جس میں براڈکاسٹ حقوق، اشتہارات، اسپانسرشپ، ٹکٹنگ اور قانونی سٹے بازی شامل ہیں۔ اس میچ کی مالیت تقریباً 50 کروڑ ڈالر (140 ارب پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے اور 10 سیکنڈ کے اشتہارات کے نرخ 25 لاکھ سے 40 لاکھ بھارتی روپے (76 لاکھ سے 1 کروڑ 22 لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ جاتے ہیں۔ اس میچ کے بغیر پورے ٹورنامنٹ کے مالی سانچے پر اثر پڑے گا، اور براڈکاسٹرز اور آئی سی سی کو خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔حکومت پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی مگر بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ انڈین ٹیم ICC کے پروٹوکول کے مطابق سری لنکا میں موجود رہے گی اور میچ ریفری کے فیصلے تک میدان میں تیار رہے گی۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے کہا کہ ٹیم شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس میں شریک ہوگی اور مقررہ وقت پر سٹیڈیم پہنچے گی۔کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی آمدنی پورے ٹورنامنٹ کی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ فراہم کرتی ہے، اس لیے پاکستان کے بائیکاٹ کے فیصلے سے نہ صرف بھارت بلکہ دیگر فل اور ایسوسی ایٹ بورڈز کی مالی تقسیم اور آئی سی سی کے منصوبے بھی متاثر ہوں گے۔ پاکستان کے اس فیصلے کے بعد عالمی کرکٹ اور اشتہارات کی دنیا میں مالی ہلچل پیدا ہو گئی ہے، اور ICC کو قانونی اور مالی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے پڑ سکتے ہیں۔
پاک بھارت میچ بائیکاٹ، ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی براڈکاسٹرز کو 141 ارب روپے کا شدید نقصان کا خدشہ
26