کینڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹس مرحلے کے 50ویں میچ میںپاکستان نےسری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی تاہم مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہ کر پانے کے باعث گرین شرٹس سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کینڈی میں کھیلے گئے اہم میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے 176 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا نیا ریکارڈ بنایا۔صاحبزادہ فرحان نے 60 گیندوں پر 100 رنز کی دلکش سنچری سکور کی،جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔اس کارکردگی کے ساتھ فرحان ایک ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔دیگر بیٹرز میں خواجہ نافع ایک،شاداب خان 7 جبکہ سلمان آغا اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بھرپور مقابلہ کیا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے تاہم فتح پاکستان کے نام رہی۔ابرار احمد نے 3 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے سری لنکا کو 147 رنز یا اس سے کم پر محدود کرنا ضروری تھا تاہم ایسا نہ ہو سکا ۔یوں گروپ ٹو سے نیوزی لینڈ بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی کوالیفائی کر چکا تھا۔سری لنکا بھی ایونٹ سے باہر ہو گیا۔اہم میچ میں بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیا گیا تھا جبکہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔یوں پاکستان نے فتح تو حاصل کی مگر مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرنے کے باعث اس کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا سفر سپر ایٹس مرحلے پر ہی اختتام پذیر ہو گیا۔