پاکستان نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دے کر گزشتہ دو ماہ میں دوسری بڑی ون ڈے سیریز جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہینرک کلاسن نے 97 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے تین جبکہ ابرار احمد نے دو اور سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور کامران غلام نے نیو لینڈز میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز جیتنے کی بنیاد رکھی۔
50 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اور کپتان محمد رضوان نے تیسری وکٹ کیلئے 142 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔ بابر 73 جبکہ رضوان 80 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کامران غلام کو 32 گیندوں پر 63 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔