پاکستان اور بنگلہ دیش نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس اور شہباز شریف کے درمیان آج ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
پاکستان کی حکومت نے اس سے قبل 7 اگست کو ایک بیان کے ذریعے بڑے پیمانے پر مظاہروں کے درمیان حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ حسینہ کے 15 سالہ دور حکومت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، جن میں ان کے سیاسی مخالفین کی بڑے پیمانے پر حراست اور ماورائے عدالت قتل شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے، وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلا دیش کی عبوری حکومت سے رابطہ کیا تھا اور حالیہ سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔