پاکستان اور بنگلا دیش نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت جمعرات کو قاہرہ میں ڈی 8 سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔
انہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا جس میں فنکاروں، کھلاڑیوں، ماہرین تعلیم اور طلباء کے تبادلے میں اضافہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ پاکستان اور ڈھاکہ میں ایک پاکستانی فنکار کے کنسرٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے ڈی 8 سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جو پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی حقیقی عکاسی کرتی ہے۔