ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 2024 میں 925 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی ہے، اس جنگ میں مسلح افواج نے نمایاں قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ملک بھر میں 59,775 کامیاب آپریشن کیے گئے، جس کے دوران 925 دہشت گردوں کو بے اثر کیا گیا، جن میں 73 ہائی پروفائل اہداف شامل ہیں، اور سیکڑوں کو گرفتار کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے دہشت گرد گروپوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بھی قبضے میں لیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر اسمگلنگ اور بجلی چوری سے نمٹنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دیانتداری کے ساتھ افغانستان میں امن کیلئے بہت کوشش کی لیکن حالات بہتر نہیں ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مشرقی محاذ پر بھارتی جارحیت سے لاحق خطرے سے پوری طرح آگاہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف اس سال، بھارت نے جنگ بندی کی 25 خلاف ورزیاں کیں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کے 525 واقعات کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے اپنے اندرونی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کیلئے متعدد فالس فلیگ آپریشنز بھی کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ پھیلانے میں سرگرم عمل ہے۔