اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے قومی کرنسی کے نظام میں اہم اور تاریخی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی باضابطہ منظوری دی گئی،جس کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کروانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔اجلاس کے دوران وزارت خزانہ نے کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بتایا گیا کہ نئے بینک نوٹ جدید عصری تقاضوں،عالمی معیار اور جدید سیکیورٹی فیچرز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جا رہے ہیں،جس کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ابتدائی مرحلے میں ایک سو،پانچ سو،ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کرائے جائیں گے۔بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید اور موثر سیکیورٹی خصوصیات شامل ہوں گی جبکہ ڈیزائن میں پاکستان کے علاقائی و جغرافیائی تنوع، تاریخی ورثے اور قومی شناخت کو نمایاں جگہ دی جائے گی۔اس کے علاوہ خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت،ماحولیاتی تبدیلی اور سماجی شعور جیسے اہم موضوعات کو بھی کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کا حصہ بنایا جائے گا تا کہ کرنسی نہ صرف لین دین کا ذریعہ ہو بلکہ قومی اقدار کی عکاس بھی بنے۔
وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر مزید غور و خوض کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے،جو مختلف پہلووں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔اجلاس میں کابینہ نے دیگر اہم امور پر بھی فیصلے کیے،جن میں توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کی توثیق شامل ہے جبکہ پرائیویٹ حج پالیسی 2027 تا 2030 کے مسودے کو مزید مشاورت کے لیے حج پالیسی کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔حکومتی ذرائع کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا قومی مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے،جس سے نہ صرف کرنسی کی سیکیورٹی میں اضافہ ہو گا بلکہ پاکستان کی قومی شناخت بھی مزید مضبوط ہو گی۔