Home » حلال گوشت سے اربوں ڈالر کمانے کا فیصلہ، وزیر اعظم شہباز شریف کی تاریخی منظوری،تین سالہ جامع برآمدی حکمت عملی پر فوری عملدرآمد کا حکم

حلال گوشت سے اربوں ڈالر کمانے کا فیصلہ، وزیر اعظم شہباز شریف کی تاریخی منظوری،تین سالہ جامع برآمدی حکمت عملی پر فوری عملدرآمد کا حکم

by ahmedportugal
95 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدات کو قومی معیشت کا نیا طاقتور ستون بنانے کے لیے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے اور اس شعبے کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں اس اہم پالیسی کے مختلف پہلووں پر تفصیلی غور کیا گیا اور برآمدات میں فوری اور پائیدار اضافے کے لیے ٹھوس فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو حلال گوشت کی برآمدات،عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے ممکنہ حصے،موجودہ پیداواری صلاحیت اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے صرف پالیسی سازی کافی نہیں بلکہ فوری،قابلِ عمل اور نتیجہ خیز اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے حکم دیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر ایک جامع تین سالہ حکمتِ عملی پیش کی جائے جس میں پیداوار بڑھانے،کولڈ سٹوریج،عالمی معیار کی پیکجنگ،لاجسٹکس،سرٹیفیکیشن اور برآمدی لاگت میں کمی جیسے تمام پہلووں کا احاطہ کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی حلال گوشت کی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ جامع لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا۔انہوں نے زور دیا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بڑھایا جائے اور علاقائی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ مسابقت کے قابل بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حلال گوشت کی پیداواری اور غذائی قدر میں اضافے کے لیے منظم اور جدید مراکز قائم کیے جائیں،جہاں جدید سہولیات،بیماریوں سے پاک ماحول اور بین الاقوامی معیار کی نگرانی ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود مذبحہ خانوں کو عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن دلوانے اور دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ رجسٹریشن کے عمل میں حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں موجود مذبحہ خانوں میں صفائی،حفظانِ صحت اور بیماریوں سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور برآمدی لاگت کم سے کم رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے تا کہ پاکستانی حلال گوشت عالمی منڈی میں مسابقتی قیمت پر دستیاب ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی برآمد کے لیے بزنس ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین طریقہ کار کے مطابق ترتیب دیا جائے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں حلال گوشت کی مجموعی پیداوار تقریباً 6 ملین میٹرک ٹن ہے اور مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد خاطر خواہ مقدار برآمد کے لیے دستیاب ہے۔حکام نے آگاہ کیا کہ بیماریوں سے پاک حلال گوشت کی برآمد کے لیے خصوصی زونز اور مراکز قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس حوالے سے ابتدائی اقدامات پر کام جاری ہے۔مزید بتایا گیا کہ عالمی معیار کی پیکجنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پاکستان حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلال گوشت کی برآمدات میں اضافہ نہ صرف زرِ مبادلہ کے ذخائر مضبوط کرے گا بلکہ دیہی معیشت، لائیو سٹاک سیکٹر اور روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں بہتری لائے گا اور حکومت اس شعبے کو قومی معاشی ترقی کا اہم محرک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز