Home » پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن،موبائل بینکنگ صارفین اور ٹرانزیکشنز میں ریکارڈ اضافہ،وزیراعظم نے اہم اہداف مقرر کر دیے

پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن،موبائل بینکنگ صارفین اور ٹرانزیکشنز میں ریکارڈ اضافہ،وزیراعظم نے اہم اہداف مقرر کر دیے

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مبنی کیش لیس نظام میں منتقل کرنا پائیدار معاشی ترقی، شفافیت اور مالیاتی نظام کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں وسعت سے نہ صرف معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی بلکہ بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔وزیراعظم نے کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تاجروں اور کاروباری طبقے کو ڈیجیٹل نظام اپنانے کے لیے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد کا 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ جانا ایک بڑی کامیابی ہے اور بینکوں و مالیاتی اداروں کو اس شعبے میں مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کو سو فیصد ڈیجیٹل ذرائع پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسی عرصے میں نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں جبکہ نقد ادائیگیوں کا تناسب 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ مستحقین کو ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں جبکہ ملک میں موبائل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔حکام کے مطابق جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال 92 فیصد ترسیلات زر ڈیجیٹل ذرائع سے موصول ہوئیں۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل جاری ہے اور اس کی حتمی رپورٹ سفارشات سمیت نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی۔پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی رکن بینکوں کو راست سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اہداف دیے جا چکے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا،وزیر مملکت برائے خزانہ،گورنر اسٹیٹ بینک،چیئرمین نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز