راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی مشکوک نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فورسز نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پیشہ ورانہ مہارت،تحمل اور موثر حکمت عملی کے ساتھ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے خلاف کارروائی مجموعی طور پر 36 گھنٹے تک جاری رہی،جس کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے۔سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔کارروائی مکمل ہونے کے بعد علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ کارروائی سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ایک مرتبہ پھر بے نقاب ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے افغان طالبان حکومت پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان طالبان حکومت موثر سرحدی انتظام اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام رہی ہے۔پاکستان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کا دفاع اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سیکیورٹی فورسز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں اور غیرملکی سرپرستی یا حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابل تحسین ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملکی سلامتی کے خلاف ہر کوشش کا موثر جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت،صبر اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع،قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔