Home » پاک فضائیہ کہیں زیادہ طاقتور،دشمن کی غلط فہمی دور ہو جائے گی،ایئر چیف کا دو ٹوک اعلان

پاک فضائیہ کہیں زیادہ طاقتور،دشمن کی غلط فہمی دور ہو جائے گی،ایئر چیف کا دو ٹوک اعلان

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

نوشہرہ(ایگزو نیوز ڈیسک) ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی خود مختاری پر حملہ کرنے والوں نے ماضی میں بھی منہ کی کھائی اور آئندہ بھی نتیجہ مختلف نہیں ہو گا،جب بھارت نے پاکستان کی خود مختاری کو چیلنج کیا تو پاک فضائیہ نے نہ صرف اس کا جواب بھرپور طریقے سے دیا بلکہ اس کے سب سے جدید جنگی طیارے بھی مار گرائے،اگر پاکستان کی سالمیت کو دوبارہ چیلنج کیا گیا تو دشمن ایک ایسی فضائیہ کا سامنا کرے گا جو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط،مربوط اور تیار ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان ائیرفورس اکیڈمی رسالپور میں ہونے والی ایک پروقار تقریب سے خطاب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی کیڈٹس کی اکیڈمی میں شمولیت کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کیڈٹس کو مادرِ وطن کی فضائی حدود کے مقدس دفاع کا امین بنایا جا رہا ہے اور پوری قوم کی امیدیں ان کے کندھوں پر ہیں،پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے ایک ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور اسے عددی برتری کے باوجود شکست سے دوچار کیا۔ایئر چیف مارشل نے ” معرکہ حق “ کے دوران پاک فضائیہ کی فیصلہ کن کامیابی کو قومی طاقت کے تمام عناصر کی یکجتی، جراتمندانہ فیصلوں اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت قرار دیااور کہا کہ تینوں افواج کی ہم آہنگی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے فتح کو یقینی بنایا،جب پاکستان کی خود مختاری پر حملہ کیا گیا تو پاک فضائیہ نے کم تعداد میں لڑنے کی اپنی روایتی میراث برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے جدید ترین طیارے گرائے، اور دنیا نے پہلی بار فضائی طاقت کے اتنے جرات مندانہ اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ استعمال کا مشاہدہ کیا۔

ایئر چیف نے بتایا کہ حالیہ تصادم جدید فضائی جنگ کے لیے ایک نئی نصابی مثال بن چکا ہے،2025 میں بھی پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل برتری ثابت کی،محدود وسائل اور دستیاب ٹیکنالوجیز کے باوجود پاک فضائیہ نے اپنے آپریشنل نظریے کو عصری جنگی تقاضوں کے مطابق ڈھالا جبکہ جارحانہ اور تخلیقی حکمت عملی کے تحت جدید جنگی طیاروں اور سمارٹ ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ وقت میں شاملِ سروس کیا گیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کے تمام افسران،ایئر مین اور سویلین سٹاف کی اعلیٰ پیشہ ورانہ کارکردگی اور مشکل حالات میں بہترین خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج نے باہمی ہم آہنگی اور بے مثال بہادری کے ساتھ وطن عزیز کا دفاع کیا اور پوری قوم اپنی افواج کی جرات اور حوصلے پر فخر کرتی ہے۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن جوہری ملک ہے جو عالمی اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن مادرِ وطن کے نظریاتی، جغرافیائی اور فضائی دفاع کے لیے پاکستان کی قیادت،مسلح افواج اور قوم ہر قیمت ادا کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا اپنی افواج پر غیرمتزلزل اعتماد دہائیوں کی قربانی، خدمت اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے اور یہی اعتماد پاکستان کی اصل قوت ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز