Home » بیرون ملک جانے والوں پر کریک ڈاون،3 سال میں 74 ہزار سے زائد افراد آف لوڈ

بیرون ملک جانے والوں پر کریک ڈاون،3 سال میں 74 ہزار سے زائد افراد آف لوڈ

by ahmedportugal
27 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور دیگر متعلقہ ایجنسیز نے گزشتہ تین برسوں کے دوران بیرون ملک سفر کے خواہشمند 74 ہزار 474 افراد کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ائیرپورٹس سے آف لوڈ کر دیا، جس سے ملک میں امیگریشن کنٹرول اور سیکیورٹی نگرانی کے نظام کی سختی کا اندازہ ہوتا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق دستیاب سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان افراد میں سے 39 ہزار 786 کو ایف آئی اے نے جبکہ 34 ہزار سے زائد کو دیگر ایجنسیز اور اداروں نے سفر سے روکا۔رپورٹ کے مطابق مختلف ائیرلائنز نے بھی اپنے قواعد و ضوابط کے تحت 30 ہزار 21 مسافروں کو آف لوڈ کیا جبکہ 3 ہزار 617 افراد ذاتی وجوہات کی بنیاد پر خود ہی سفر سے دستبردار ہو گئے۔مزید تفصیلات کے مطابق 40 افراد کو کسٹمز،اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف)نے مختلف وجوہات کی بنا پر آف لوڈ کیا۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سب سے بڑی تعداد ان مسافروں کی تھی جنہیں ضروری سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے پر روکا گیا اور یہ تعداد 20 ہزار 408 رہی۔اسی طرح مشکوک یا غیر واضح سفری منصوبہ(ٹریول پلان) رکھنے والے 12 ہزار 673 افراد کو بھی آف لوڈ کیا گیا جبکہ 3 ہزار 450 افراد سٹاپ لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے بیرون ملک روانگی سے محروم رہے۔

رپورٹ کے مطابق غلط سفری روٹ اختیار کرنے پر 505 افراد کو روکا گیا جبکہ جعلی دستاویزات کے استعمال پر 281 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔مزید برآں غیر تسلی بخش سفری تاریخ رکھنے والے 176 افراد کو بھی بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا جبکہ 145 افراد کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے آف لوڈ کیا گیا۔کم عمری کی بنیاد پر 258 افراد کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ وزٹ ویزا پر ملازمت کی غرض سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 24 افراد کو بھی آف لوڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکام انسانی سمگلنگ،غیر قانونی امیگریشن اور دستاویزات کی جعلسازی کے خلاف موثر اقدامات کر رہے ہیں۔متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹس پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی سفر کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کی ساکھ کو بہتر بنایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز