اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر نئی قیادت کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں متحدہ اپوزیشن نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق محمود خان اچکزئی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہوں گے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ان کی بطور قائدِ حزبِ اختلاف تقرری کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔ سپیکر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ضابطے پورے ہونے کے بعد نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کیا جا سکتا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کر کے محمود خان اچکزئی کی باضابطہ نامزدگی جمع کرائی۔ وفد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، سابق سپیکر اسد قیصر، عامر ڈوگر اور اقبال آفریدی شامل تھے جبکہ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ جمعرات تک قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر متوقع ہے اور سپیکر جب چاہیں نوٹیفکیشن جاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کا فارورڈ بلاک موجود نہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کر سکتی۔بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن قیادت کے حوالے سے اسی طرز پر عمل مکمل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اپوزیشن کی صفوں میں مکمل اتحاد موجود ہے اور تمام جماعتیں مشترکہ فیصلے پر متفق ہیں۔واضح رہے کہ محمود خان اچکزئی کی ممکنہ تقرری قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے کردار کو نئی سمت دے سکتی ہے جبکہ ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طاقت کے توازن پر بھی اس فیصلے کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا معاملہ حل،محمود خان اچکزئی واحد امیدوار، تقرری پر حکومت و اپوزیشن متفق
6