Home » اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کا اعلان،محمود اچکزئی نے احتجاجی تحریک کا بگل بجا دیا

اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کا اعلان،محمود اچکزئی نے احتجاجی تحریک کا بگل بجا دیا

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اتحادیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، جیل حالات اور اپوزیشن کی آئندہ احتجاجی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور پارلیمانی رہنما شریک ہوئے جہاں حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا جبکہ اپوزیشن اتحاد نے آج(جمعہ المبارک) کو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی کی جانب سے اپوزیشن اراکین کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔عشائیے میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور،بیرسٹر گوہر خان،سلمان اکرم راجہ،اسد قیصر،علامہ راجہ ناصر عباس،اخوندزادہ حسین احمد، صدیق ترین،معین قریشی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما اور اراکین پارلیمنٹ شریک ہوئے۔اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ جمعہ کے روز سے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر پرامن احتجاجی دھرنا شروع کیا جائے گا،دھرنے میں اپوزیشن اپنے مطالبات پیش کرے گی اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم کرنے میں کوئی رکاوٹ یا ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس اجلاس میں عمران خان کے ساتھ مبینہ حکومتی رویے اور جیل میں طبی سہولیات کی فراہمی کے معاملے کو مرکزی نکتہ بنایا گیا۔شرکاء نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنماوں میں سے ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والے سلوک پر سیاسی و جمہوری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔اس موقع پر علی امین گنڈاپور اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات اور معانقہ بھی ہوا جسے اپوزیشن کے اندر روابط میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف حلقوں کی جانب سے یہ تجویز بھی زیر بحث آئی کہ احتجاج کا مرکز پارلیمنٹ ہاوس کے بجائے اڈیالہ جیل کے باہر بنایا جائے تا کہ عمران خان کی صحت اور طبی معائنے کے معاملے پر براہِ راست دباو ڈالا جا سکے تاہم حتمی اعلان پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنے کا ہی کیا گیا۔محمود خان اچکزئی نے اپنے بیان میں ملک بھر کے عوام،سیاسی کارکنان اور جمہوریت پسند حلقوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ظلم اور نا انصافی کے خلاف ہے وہ اس احتجاج میں شامل ہوں۔انہوں نے زور دیا کہ احتجاج کا مقصد آئینی بالادستی،سیاسی قیدیوں کے حقوق اور جمہوری روایات کا تحفظ ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ پلیٹ فارم سے دھرنے کا اعلان حکومت پر سیاسی دباو بڑھانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس احتجاج کے دائرہ کار اور شدت میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز