Home » قیدی نمبر 804،ہائبرڈ رجیم اور اپوزیشن لیڈر،ایمل ولی خان نے سنگین الزامات کی نئی پٹاری کھول دی

قیدی نمبر 804،ہائبرڈ رجیم اور اپوزیشن لیڈر،ایمل ولی خان نے سنگین الزامات کی نئی پٹاری کھول دی

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے دہشت گردی، قومی سلامتی اور موجودہ سیاسی بندوبست پر غیر معمولی سخت موقف اختیار کر تے ہوئے واضح کیا کہ صرف فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں کیونکہ اصل خطرہ ذہنی دہشت گردی ہے جو ہر مکتبِ فکر اور ہر طبقے میں سرایت کر چکی ہے،قیدی نمبر 804،ہائبرڈ رجیم اور اپوزیشن لیڈر کے کردار کو ایک ہی تناظر میں جوڑتے ہوئے ایمل ولی خان نے ریاستی پالیسیوں،سیاسی مفادات اور طاقت کے مراکز پر ایسے سوالات اٹھائے جنہوں نے ایوان اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔
ایگزو نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ تیراہ ہے،جہاں ممکنہ نقل مکانی کے نام پر اصل حقائق چھپائے جا رہے ہیں،جب نقل مکانی ہوتی ہے تو اس میں دہشت گرد بھی نکل آتے ہیں مگر اے این پی سمجھتی ہے کہ اس نقل مکانی کے پیچھے مقاصد کچھ اور ہیں جن پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں،کیا دہشت گردوں کے ماتھے پر لکھا ہوتا ہے کہ وہ دہشت گرد ہیں؟۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب میں جب بڑے پیمانے پر آپریشن ہوئے تو کیا وہاں بھی نقل مکانی کروائی گئی؟دہشت گردی کا مسئلہ صرف آپریشن سے حل نہیں ہو سکتا کیونکہ ذہنی دہشت گرد ہر مکتبِ فکر میں بیٹھے ہوئے ہیں،جس سوچ اور عناصر نے اس قوم کو تباہ کیا، انہیں ضرور سزا ملنی چاہیے۔ایمل ولی خان نے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے واضح پالیسی دی جائے کہ دہشت گرد کون ہیں؟کیا وہ فتنہ خوارج ہیں یا پھر وہی لوگ ہیں جنہیں کسی وقت خیر خواہ قرار دیا جاتا رہا؟ انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ دہشت گردوں کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی انہیں یہ بات سمجھانے میں ناکام رہی کہ وہ اس گندگی سے دور رہیں،آج نہ انہیں بلوچستان کے پشتونوں کی فکر ہے،نہ بولان سے چترال تک پشتون اتحاد کا نعرہ یاد رہا بلکہ ان کی پوری سیاست قیدی نمبر 804 کے گرد گھوم رہی ہے،کل میں نے کوشش کی کہ میں اپنے لوگوں اور بہن بھائیوں کی آواز دنیا تک پہنچاؤں لیکن افسوس، وہاں پشتون سینیٹر موجود ہونے کے باوجود کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا اور سنجیدہ مسئلہ کو پشتون سینیٹر نے ہی غیر سنجیدگی کی طرف لے گیا،میں بار بار کہتا ہوں کہ یہ گند ہے جس کی وجہ سے میری پشتون قوم تباہ و برباد ہو گئی ہے،ہم نے اپنے دور حکومت میں سوات آپریشن کے دوران ان لوگوں کو سہولت فراہم کی،ان کے لیے حجرے خالی کیے اور تین مہینے کے اندر اندر انہیں واپس بھیجا،وفاق ہمیشہ ہم سے سوتیلی ماں کا سا رویہ رکھتا آیا ہے اور صوبائی حکومت کو بھی ہماری کوئی پرواہ نہیں، وہ بار بار کہتے ہیں کہ ہمیں قیدی نمبر 804 کی رہائی کے لیے ووٹ ملا ہے،افسوس کہ پشتون قوم کو یہ بات کب سمجھ آئے گی؟۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے حوالے سے ہائبرڈ رجیم کا ایک اور مدعا پورا ہو گیا ہے اور یہ ہماری سیاسی حقیقت بن چکی ہے کہ آج ملک کے لیڈر آف اپوزیشن قیدی نمبر 804 کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اچکزئی صاحب کبھی مولانا زندہ باد اور کبھی نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں جبکہ ان کا اپوزیشن لیڈر بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہائبرڈ رجیم میں باقاعدہ حصہ داری مل گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتنی اچھی بات ہے کہ افغانستان حکومت کا نمائندہ پاکستان میں اپوزیشن لیڈر بن گیا۔ایمل ولی خان نے دہشت گردی کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور انہیں سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سہیل آفریدی دراصل علی امین گنڈاپور ہی کا چہرہ ہے۔پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف آپریشن کے ساتھ نہیں ہے تو پھر اقتدار کی کرسیوں پر کیوں بیٹھی ہوئی ہے؟اگر واقعی اختلاف ہے تو کرسیوں سے استعفیٰ دے کیونکہ رات کی تاریکی میں کچھ اور اور دن کے اجالے میں کچھ اور کیا جا رہا ہے،دوغلی پالیسیوں سے نہ دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے اور نہ ہی ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز