نئی دہلی(ایگزو نیوز ڈیسک)بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر جنگی جنون کی عکاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو ہر وقت جنگ جیسے حالات کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ سرحدوں پر کسی بھی وقت صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق نئی دہلی میں ایک فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اعتراف کیا کہ مئی کے بعد کی صورتحال غیر یقینی ہے، اس لیے فوج کو مکمل چوکس رہنے اور ہر ممکن خطرے کا فوری جواب دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے، ” آپریشن سندور “ بھارت کی عسکری تاریخ میں ایک اہم کیس اسٹڈی ہے جس سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نے اس موقع پر تسلیم کیا کہ دس مئی کو پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا موثر اور سخت جواب دیا تھا، جس کے بعد بھارتی فوج کو اپنی دفاعی حکمت عملی کا ازسرِنو جائزہ لینا پڑا۔بھارتی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سرحدی حالات لمحہ بہ لمحہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے کمانڈرز کو جنگی تیاریوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی نظاموں کے موثر استعمال کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ” آپریشن سندور“ کے دوران بھارت نے اپنے ملکی ساخت کے جنگی نظاموں بشمول اکاَش میزائل، برہماس میزائل اور اکاَش تیر ایئر ڈیفنس کنٹرول سسٹم کا کامیاب مظاہرہ کیا۔راج ناتھ سنگھ کے تازہ بیان کو مبصرین نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں تشویشناک قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی وزیرِ دفاع کا جنگی لہجہ نہ صرف جنوبی ایشیا میں امن کے امکانات کو متاثر کر رہا ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ نئی دہلی اپنے داخلی سیاسی دباو کو چھپانے کے لیے جارحانہ بیانیہ اختیار کر رہا ہے۔
آپریشن سندور کا بھوت دہلی پر سوار،راج ناتھ سنگھ نے بھارتی فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا
5