Home » ایک کلک اور آپ کی معلومات دشمن کے ہاتھ میں،فِشنگ حملوں میں خطرناک اضافہ،نیشنل سائبر ٹیم کا ملک گیر الرٹ جاری

ایک کلک اور آپ کی معلومات دشمن کے ہاتھ میں،فِشنگ حملوں میں خطرناک اضافہ،نیشنل سائبر ٹیم کا ملک گیر الرٹ جاری

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور فون کالز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنانے والے فِشنگ حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) نے ملک بھر کے صارفین کو فوری خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی پیغامات، کالز اور لنکس کے ذریعے شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات چرائے جانے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیںلہذا شہری کسی بھی غیر متعلقہ لنک کو کلک کرنے سے گریز کریں۔
ایگزو نیوز کے مطابق، ہیکرز مختلف حربوں کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں “بینک الرٹ”، “انعامی لاٹری”، یا “اکاونٹ بند ہونے” جیسے جعلی پیغامات شامل ہیں۔ یہ پیغامات شہریوں کو کسی غیر مصدقہ لنک پر کلک کرنے یا اپنی معلومات شیئر کرنے پر آمادہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے بینک اکاونٹس اور شناختی تفصیلات ہیکرز کے قبضے میں جا سکتی ہیں۔نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے واضح ہدایت دی ہے کہ شہری کسی نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والے پیغامات یا کالز کا جواب نہ دیں، کسی بھی صورت میں اپنا شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاونٹ تفصیلات، یا او ٹی پی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ٹیم نے زور دیا کہ کسی بھی ادارے کا نمائندہ فون یا ایس ایم ایس پر پاس ورڈ یا تصدیقی کوڈ نہیں مانگتا، اس لیے ایسے رابطوں پر بھروسہ ہرگز نہ کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی مشکوک لنک پر غلطی سے کلک ہو جائے تو فوری طور پر تمام اکاونٹس کے پاس ورڈ تبدیل کر لیے جائیں اور متعلقہ ادارے یا سائبر ایمرجنسی ٹیم کو اطلاع دی جائے۔ صارفین کو اپنے موبائل اور ای میل اکاونٹس میں دوہری تصدیق فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ اکاونٹس کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔سائبر ٹیم نے کہا ہے کہ جعلی ویب سائٹس یا غیر مصدقہ لاگ ان صفحات سے گریز کیا جائے اور صرف سرکاری ویب سائٹس اور مستند چینلز کے ذریعے ہی معلومات یا لین دین کیا جائے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آگاہی ویڈیوز دیکھیں، مشکوک نمبروں کو بلاک کریں اور اس مہم کے بارے میں اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو ضرور آگاہ کریں۔نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے مطابق فِشنگ حملے ملک بھر میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اس لیے ہوشیاری، آگاہی اور بروقت ردِعمل ہی ان سے بچاو کا سب سے موثر طریقہ ہے۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ ایک لمحے کی غفلت آپ کا پورا ڈیجیٹل تحفظ خطرے میں ڈال سکتی ہے، اس لیے محتاط رہنا ہی سب سے بڑا دفاع ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز