لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)معروف گلوکار اور شہنشاہِ غزل مہدی حسن کے صاحبزادے سجاد مہدی حسن دل کے عارضے کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے، جس سے فن، سماجی اور سرکاری حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سجاد مہدی حسن کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم طبی عملے کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم کافی عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔سجاد مہدی حسن کی نمازِ جنازہ منگل کو بعد از نمازِ ظہر واپڈا ٹاون کے قریب واقع ایک نجی سوسائٹی میں ادا کی جائے گی، جس میں اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب، پولیس افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔سجاد مہدی حسن نے محکمہ پولیس میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ وہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے پر فائز رہے اور اپنی پیشہ ورانہ دیانت داری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کے باعث اچھی شہرت رکھتے تھے۔ ان کے انتقال کو محکمہ پولیس کے لیے بھی ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔مرحوم کی وفات کی خبر سنتے ہی شوبز، ثقافتی اور سرکاری حلقوں سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔مختلف شخصیات نے مہدی حسن اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
شہنشاہِ غزل کے گھر صف ماتم بچھ گئی،مہدی حسن کے صاحبزادے سجاد مہدی حسن لاہور میں انتقال کر گئے
11