لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان(این جی سی) نے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گزشتہ چھ ماہ کے دوران نو بڑے ٹرانسمیشن منصوبے مکمل کر لیے ہیں،جس سے ملک کے بجلی ترسیلی نظام کی استعداد میں نمایاں بہتری اور استحکام پیدا ہوا ہے۔حکام کے مطابق ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے قومی گرڈ کی کارکردگی مزید بہتر ہوئی ہے اور مستقبل میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان نے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گزشتہ چھ ماہ کے دوران نو بڑے پاور ٹرانسمیشن منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں،جس سے ملک کے ترسیلی نظام کی استعداد میں نمایاں بہتری آئی ہے۔نومبر دو ہزار پچیس سے اب تک مکمل کیے گئے منصوبوں میں دو نئے گرڈ اسٹیشنز کی تکمیل شامل ہے،جن میں لاہور نارتھ اور قائداعظم بزنس پارک کے گرڈ سٹیشنز نمایاں ہیں۔ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک کے جنوبی اور شمالی حصوں کے درمیان بجلی کی ترسیل میں بہتری آئی ہے جبکہ ایک اہم خصوصی اقتصادی زون کو بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔اس کے علاوہ نوکھر،اوکاڑہ،یوسف والا اور حیدرآباد کے گرڈ اسٹیشنز پر چھ آٹو ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن بھی مکمل کی گئی ہے،جس سے ترسیلی نظام کی صلاحیت میں اضافہ اور لوڈ مینجمنٹ میں بہتری متوقع ہے۔مزید برآں غازی بروتھا سے گٹی تک ٹرانسمیشن لائن کو فیصل آباد کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی گرڈ سٹیشن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ نوشہرہ ٹرانسمیشن لائن اور فیصل آباد ویسٹ سے لالیاں تک طویل ٹرانسمیشن لائن بھی مکمل ہو چکی ہے اور توانائی کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔
ملک بھر میں متعدد دیگر منصوبے آخری مراحل میں ہیں،جن کی تکمیل سے قومی ترسیلی نظام مزید مضبوط ہوگا اور بجلی کی تقسیم میں بہتری آئے گی۔نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے عہدہ سنبھالنے کے بعد منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مختلف علاقوں کے دورے کیے اور جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی،ہم آہنگی اور حفاظتی معیار پر سخت عملدرآمد کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ زیر تکمیل اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے تاکہ ملک کا توانائی نظام مزید مستحکم ہو سکے۔ان کے مطابق ٹیموں کی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت یہ پیش رفت ممکن ہوئی ہے اور اسی جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک میں توانائی کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکے۔