گڑھی خدابخش(ایگزو نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھارت اور مودی سرکار کو سخت، دوٹوک اور غیر مبہم پیغام دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر کسی قسم کا رحم نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نا قابلِ شکست ہے اور دشمن کو ایسا جواب دیا جائے گا جو وہ نسلوں تک یاد رکھے گا،پاکستان نے ماضی میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا مگر اب اگر کسی نے میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو ہمارے فیلڈ مارشل،افواجِ پاکستان اور پوری قوم مل کر دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیں گے،بھارت کو یہ خوش فہمی چھوڑ دینی چاہیے کہ وہ پاکستان کو دباو میں لا سکتا ہے کیونکہ یہ ملک شہادت کے جذبے سے سرشار قوم اور آہنی قیادت کے ہاتھوں میں ہے،جو وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئےصدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور بقا کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق “”پاکستان کھپے“ کا نعرہ دراصل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح کی آواز تھا،جس نے ملک کو ٹوٹنے سے بچایا اور قوم کو متحد رکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہشمند نہیں تاہم اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو قوم،حکومت اور افواجِ پاکستان پوری قوت سے جواب دیں گی،بھارت خود کو پاکستان سے دس گنا بڑا ملک کہتا ہے مگر یہ نہیں بتاتا کہ وہ پاکستان جیسا بہادر فیلڈ مارشل،آرمی چیف اور ایئر چیف کہاں سے لائے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں تحمل کا مظاہرہ کیا،ورنہ بھارت کے مزید جنگی طیارے بھی مار گرائے جا سکتے تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں ایک نا سمجھ شخص نے چار سال کے دوران پاکستان کے عالمی تعلقات اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا تاہم اب حالات بدل چکے ہیں اور دنیا ایک بار پھر پاکستان کی عسکری قیادت کو تسلیم کر رہی ہے،آج عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو سنا جا رہا ہے اور حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کے فیلڈ مارشل کا نام لیتے ہیں،پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل کی،پاکستان نے جنگ میں برتری کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا ورنہ پاک فضائیہ کے شاہین بھارت کے مزید طیارے حتیٰ کہ بڑے بحری جہاز بھی نشانہ بنا سکتے تھے،یہ پاکستان کی قیادت کا فیصلہ تھا کہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچایا جائے۔صدر زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے اور کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو بھرپور جواب دیا جائے گا،اگر دھرتی ماں کو ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی،پوری قوم اور افواجِ پاکستان جان و مال قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گی،لیڈر بنکر میں نہیں مرتے،شہادت آنی ہو تو میدان میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب یہ اندازہ ہو جانا چاہیے کہ جنگ کوئی کھیل نہیں اور پاکستان کمزور نہیں،ہم جنگ کے شوقین نہیں،کسی سے لڑنا نہیں چاہتے مگر اگر ہم سے کوئی لڑے گا تو اسے بھارت کی طرح جواب دیا جائے گا۔صدرِ مملکت نے ملکی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکلات موجود ہیں مگر آہستہ آہستہ کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سے تعلقات کی بحالی میں حکومت کے ساتھ ساتھ عسکری قیادت کا بھی اہم کردار ہے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے وہ خود ضامن ہیں۔خطاب کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا کیونکہ یہ ملک قربانیوں سے بنا ہے اور اس کی حفاظت کے لیے قوم،قیادت اور افواج متحد ہیں۔