اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت پاکستان بھی بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تاہم غیر قانونی مطالبات،دباو اور بلیک میلنگ کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں،صرف جائز اور آئینی معاملات کی بنیاد پر ہی ڈائیلاگ آگے بڑھ سکتا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو آگے لے کر چلنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے، کیونکہ قومی مفاد ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کل پی ٹی آئی اور اس کے رہنما مذاکرات کی بات کر رہے ہیں جبکہ حکومت نے تو پہلے ہی اسمبلی کے فلور سے بارہا مذاکرات کی دعوت دی ہے،اگر پی ٹی آئی واقعی سنجیدہ نیت کے ساتھ بات چیت چاہتی ہے تو حکومت نے اپنے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں مگر مذاکرات کی آڑ میں دباو ڈالنے یا بلیک میلنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی،جو معاملات آئین اور قانون کے دائرے میں آتے ہیں، صرف انہی پر گفتگو ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی چیلنجز کا حل تصادم نہیں بلکہ مکالمہ ہے اور حکومت قومی مفاد میں بات چیت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں،اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ تمام کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابی ملک کے لیے خوش آئند اور یہ پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا اہم دن ہے اور شفاف بولی کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں،نجکاری کے عمل میں کابینہ کے اراکین نے محنت اور عرق ریزی سے کام کیا جبکہ بولیاں سربمہر لفافوں میں موصول ہوئیں تا کہ شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد قومی اداروں کی بہتری اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے اور پی آئی اے کی نجکاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی اور قومی مفاد میں ہر ضروری فیصلہ کیا جائے گا۔