پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ حالیہ سیلابوں کے بعد فوری طور پر کسی سے امداد نہیں مانگی جائے گی بلکہ ملک اپنے زور بازو پر ان مشکلات پر قابو پانے کی کوشش کرے گا، حکومت کا ہدف معیشت کو بیرونی امداد پر انحصار سے نکال کر تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پشاور میں پاکستان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیبنے واضح کیا کہ ایف بی آر کا دائرہ کار اب صرف ٹیکس اکٹھا کرنے تک محدود ہوگا جبکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ “ٹیکس پالیسی آفس” کی جانب سے دیا جائے گا اور یہ بجٹ ایک مستحکم اور حقیقت پسندانہ خاکہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبے کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے اور اسی لیے ریگولیٹری میٹریل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تا کہ صنعتیں چل سکیں، پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لے جانا ہے تو ٹیکس اصلاحات اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانا ہو گا تا کہ لوگوں کا اعتماد دوبارہ قائم ہو۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ان کے چین، سعودی عرب اور امریکا کے دورے ہوئے جہاں سرمایہ کاری کے اہم معاہدے کیے گئے۔ صرف چین میں 24 معاہدوں پر دستخط ہوئے جبکہ امریکا میں بھی مختلف شعبوں میں تجارتی سمجھوتے طے پائے۔وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سرمایہ کاری امداد نہیں بلکہ “تجارت” ہے اور یہ پاکستان کی معیشت کو ایک نئے دور میں لے کر جائے گی۔خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،ملک کی آبادی 2.3 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے جبکہ بچوں کی ایک بڑی تعداد غذائی قلت کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل پر قابو پانے کے لئے قومی سطح پر مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ملک میں معاشی استحکام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔گزشتہ برس ترسیلات زر ساڑھے تین کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں اور امید ہے کہ رواں برس اس میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر نجکاری کے عمل کو شفاف اور بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ سکیں۔محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کو اب دوسروں کے سہارے کی نہیں بلکہ اپنے وسائل پر انحصار کرنے کی ضرورت ہے،یہی راستہ ہمیں بحرانوں سے نکال کر پائیدار ترقی کی طرف لے جائے گا۔
سیلاب پر امداد نہیں،اپنے زور بازو پر معاملات سنبھالیں گے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دعویٰ
7