پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کا ایک بھی سٹیڈیم موجود نہیں،جس کے باعث باصلاحیت نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار سے محروم ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے نصف سے زائد کھلاڑیوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے لیکن صوبے میں جدید کرکٹ انفراسٹرکچر،عالمی معیار کی تربیتی سہولیات اور مناسب کھیل کے میدانوں کی شدید کمی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور وہ کھیل کے مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم سہولیات کے فقدان کے باعث کئی باصلاحیت کھلاڑی ابتدائی مراحل میں ہی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،جدید کوچنگ،معیاری گراونڈز اور عالمی معیار کی تربیتی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف کھیلوں کا معیار بہتر ہو گا بلکہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب بھی راغب کیا جا سکے گا۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا معاشرتی بہتری کے لیے بھی ضروری ہے، کیونکہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے “خیبرپختونخوا چیمپئن لیگ” کے انعقاد کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں،جس کی افتتاحی تقریب 18 جولائی کو منعقد کی جائے گی۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے،تجربہ حاصل کرنے اور مستقبل میں قومی سطح پر آگے بڑھنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور خیبرپختونخوا کے نوجوان کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔