Home » جدہ میں پاکستانی ڈرامہ کی ملکہ نیلوفر عباسی کا شاندار استقبال،ماضی کی اداکاری اور آج کے فن پر کھری باتیں

جدہ میں پاکستانی ڈرامہ کی ملکہ نیلوفر عباسی کا شاندار استقبال،ماضی کی اداکاری اور آج کے فن پر کھری باتیں

by ahmedportugal
115 views
A+A-
Reset

جدہ(امیر محمد خان سے )جدہ میں پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اور ماضی کی معروف اداکارہ نیلوفر عباسی کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا،جس میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان کے سنہری ڈرامہ دور،فنکاروں کی محنت اور موجودہ ٹی وی انڈسٹری کے مختلف پہلووں پر گفتگو کی گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیلوفر عباسی نے کہا کہ پاکستان کے ٹی وی ڈرامے آج بھی شاندار ہیں تاہم فرق صرف اتنا آیا ہے کہ ہمارے دور میں فنکار معاوضوں کے بجائے اپنے فن،محنت اور اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دل جیتنے کو ترجیح دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے اداکاروں کے لیے سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ناظرین کو معیاری اور گھریلو تفریح فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ فن سے محبت اور کردار میں حقیقت پیدا کرنا ہی ایک کامیاب اداکار کی اصل پہچان ہوتی ہے۔

عشائیے میں سعودی عرب کی معروف شخصیات،دانشور خالد المیناء،ان کی اہلیہ اور مشہور براڈ کاسٹر ثمر فتانی،پاکستان کی ڈپٹی قونصل جنرل فرینہ ارشد سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خالد المیناءاور ثمر فتانی نے اپنے خطاب میں سعودی عرب میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی خواتین کو معاشرے میں اہم مواقع فراہم کیے گئے ہیں اور آج وہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے پاکستانی خواتین کو بھی پیغام دیا کہ وہ سعودی اور پاکستانی معاشروں کا اہم حصہ ہیں،اپنے ہنر اور صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اور زندگی کے مختلف میدانوں میں کامیابیاں حاصل کریں۔

تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان ڈپٹی قونصل جنرل جدہ فرینہ ارشد نے نیلوفر عباسی کو پاکستان کی عظیم فنکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے یادگار ڈرامے آج بھی مقبول ہیں اور لوگ یوٹیوب سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر ان کی بہترین اداکاری کو شوق سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیلوفر عباسی نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان قائم کی اور ان کا فن آج بھی نئی نسل کے لیے متاثر کن ہے۔ڈپٹی قونصل جنرل نے عشائیے کے انعقاد پر میزبانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر معروف گلوکار ابرار عباسی نے خوبصورت گیت پیش کیے،جس سے محفل میں موسیقی اور یادوں کا رنگ مزید گہرا ہو گیا۔ شرکا نے نیلوفر عباسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس پروقار تقریب کو پاکستانی ثقافت اور فن کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز