اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میںنیوزی لینڈنےسری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر نہ صرف میزبان ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ گروپ میں اپنی پوزیشن بھی مستحکم کر لی۔اس نتیجے کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید پیچیدہ ہو گئی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ کمنڈو مینڈس 31 اور دنتھ ویلالگے 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔کیویز کی جانب سے رچن روِندرا نے چار اور میٹ ہینری نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک،ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔اس سے قبل سری لنکا کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز سکور کیے۔کپتان مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کول مکونکی نے ناقابل شکست 31 رنز بنائے۔رچن روِندرا نے 32 اور فِن ایلن نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا اور دشمانتھا چمیرا نے تین،تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس 3.05 ہو گیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.46 ہے۔گروپ میں نیوزی لینڈ اپنا آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاکستان ہفتے کو سری لنکا کے مدمقابل ہوگا۔اگر نیوزی لینڈ انگلینڈ سے ہار جاتا ہے تو پاکستان کیلئے سیمی فائنل کی دوڑ میں معمولی امکان باقی رہ سکتا ہے تاہم اسے سری لنکا کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی درکار ہوگی تا کہ نیٹ رن ریٹ میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔دوسری صورت میں،اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ سے شکست کھا جاتا ہے تو پاکستان سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔یوں سپر ایٹ مرحلہ سنسنی خیز موڑ پر پہنچ چکا ہے جہاں ہر میچ کے نتیجے کا براہِ راست اثر سیمی فائنل کی لائن اپ پر پڑ رہا ہے اور پاکستان کیلئے اب حساب کتاب کے ساتھ ساتھ بڑی فتح ناگزیر ہو چکی ہے۔