نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز کا فائنل جیت لیا۔ یہ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 243 کا آسان ہدف نیوزی لینڈ نے 46ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر کیا۔ ڈیرل مچل (57) اور ٹام لیتھم (56) نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ ڈیون کونوے نے 48 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کو ابتدائی دھچکا اس وقت لگا جب ول ینگ دوسرے اوور میں پانچ رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ابتدائی وکٹ کے بعد، نیوزی لینڈ کے مضبوط کھلاڑی کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے دباؤ کو جذب کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کا اضافہ کر کے تعاقب کو آسان بنایا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن کی اہم وکٹ گنوانے کے باوجود بھی ڈٹی رہی۔ بعد میں پاکستان کی ناقص فیلڈنگ کے بدولت ٹام لیتھم اور ڈیرل مچل نے 87 رنز کی مضبوط شراکت قائم کرکے جیت کی راہ ہموار کی۔