اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے کابینہ ڈویڑن کے ذریعے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے لیے توشہ خانہ کا نیا ریکارڈ جاری کر دیا ہے،جس میں صدر مملکت،وزیرِاعظم،فرسٹ لیڈی،بلاول بھٹو زرداری،نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر آئی ٹی شہزاہ فاطمہ،وزیر بجلی اویس لغاری،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کے موصولہ تحائف شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تمام وصول کنندگان نے موصولہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں اور وفاقی حکومت اس حوالے سے تخمینہ اور مزید جانچ جاری رکھے ہوئے ہے۔معاون خصوصی طارق فاطمی،صدر کے ملٹری سیکرٹری،صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی،آڈیٹر جنرل،وزیر مملکت ریلویز و خزانہ مشرف زیدی،ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک،سیکریٹری اقتصادی امور،سیکریٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر اہلکار بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔اکتوبر تا دسمبر 2025 میں وصول شدہ تحائف میں روزہ رسولﷺ،خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز،پینٹنگز،پرفیومز،شیلڈز،کارپٹ،ٹی سیٹ،تلوار،خنجر،گلدان، گھڑیاں،ڈیکوریشن پیسز،سعودی کافی،کتابیں،رائل کیپ،یادگاریں،ٹیبل واچ،میٹرو بس کا ماڈل،قہوہ پاٹ،شرٹس،میوزیکل انسٹرومنٹ،کمبل،سکارف،ٹائی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔توشہ خانہ کی اس سہ ماہی رپورٹ میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی ششماہی(جنوری تا جون 2025)کی رپورٹ میں تحائف دینے والی غیر ملکی و ملکی شخصیات کا نام بھی درج تھا۔وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ تحائف کے مکمل ریکارڈ کی جانچ اور توثیق کا عمل جاری ہے تا کہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور تمام وصول شدہ تحائف کو قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ٹریٹ کیا جائے۔
توشہ خانہ کا نیا ریکارڈ جاری، صدر، وزیرِاعظم اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے موصولہ تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
9