راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)راولپنڈی سے لاہور جانے والی نئی ریل کار سوہاوہ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں ریل کار کی چند بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، خوش قسمتی سے حادثے کے وقت ریل کار کی رفتار کم تھی، جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایگزو نیوز کے مطابق راولپنڈی سے لاہور جانے والی نئی ریل کار 108،جو آج شام مارگلہ ریلوے سٹیشن پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ذریعے نئے ریک کے ساتھ افتتاح کی گئی تھی، سوہاوہ اور ترکی اسٹین کے درمیان حادثے کا شکار ہو گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق، ریل کار کی انجن اور تیسری کوچ کے بعد والی چند کوچز پٹری سے سلپ کر گئیں۔حادثے کی وجوہات میں پہاڑی درے اور ٹریک کی کٹھنائی شامل ہے، جس کی وجہ سے ریل کار کی رفتار کم تھی۔اسی سبب حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے فوراً بعد راولپنڈی اور لاہور، کراچی مین لائن پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ریلوے حکام نے فوری طور پر امدادی ٹرین جائے حادثے پر روانہ کی تا کہ متاثرہ ریل کار اور بوگیوں کو محفوظ طریقے سے ہٹایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، ریل کار کے انجن اور پہلی دو کوچز کو الگ کر کے ترکی سٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے۔متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے کے لیے ہیوی کرین بھی سوہاوہ پہنچائی جا رہی ہے۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ 108 ریل کار افتتاحی تقریب کے بعد روانہ ہوئی تھی اور حادثہ اسی دوران پیش آیا۔حکام نے یقین دلایا ہے کہ حادثے کے بعد تمام حفاظتی انتظامات اور ٹریک کی جانچ پڑتال مکمل کر کے ٹرینوں کی آمد و رفت جلد بحال کی جائے گی۔ریلوے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت متبادل انتظامات کے ذریعے سفر کریں اور کسی بھی غیر متوقع تاخیر کے لیے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔حادثے کے بعد ایمرجنسی سروسز اور حفاظتی عملہ حادثے کے مقام پر موجود ہے تا کہ ریل کار کی بحالی اور مزید حادثات سے بچاو کو یقینی بنایا جا سکے۔
راولپنڈی سے لاہور جانے والی نئی ریل گاڑی حادثے کا شکار، بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
11