لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ وژن کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں صوبے کا پہلا مکمل فعال اور جدید پین مینجمنٹ کلینک قائم کر دیا گیا ہے،جو کرانک درد میں برسوں سے مبتلا مریضوں کے لیے نئی راحت اور علاج کی جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق افتتاحی تقریب میں پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ کلینک میں مریضوں کو بلا معاوضہ جدید اور محفوظ علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اور یہ پیش رفت صوبائی صحت کے نظام میں ایک انقلابی قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کلینک نہ صرف مریضوں کے لیے ریلیف کا باعث ہوگا بلکہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ٹریننگ کے لیے بھی ریفرنس سینٹر کے طور پر کام کرے گا۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر میاں حنیف، پروفیسر خالد بشیر، پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر نازش ثقیلین، ڈاکٹر شہزاد انور، ڈاکٹر خالد کاظمی، ڈاکٹر طیبہ وسیم، ڈاکٹر شیراز ملک، ڈاکٹر عبدالعزیز اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سمیت بڑی تعداد میں ماہرین صحت نے شرکت کی۔کلینک میں بین الاقوامی معیار کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں C-Arm گائیڈڈ پروسیجرز شامل ہیں، جو درد کے مقام کا درست تعین کر کے ہدفی علاج ممکن بناتے ہیں۔ الٹراساونڈ گائیڈڈ انٹروینشنز کے ذریعے اعصاب اور نرم بافتوں کے قریب موثر علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جب کہ ریڈیو فریکوئنسی ایبلیشن (RFA) کی سہولت طویل مدتی آرام مہیا کرتی ہے۔ کینسر کے مریضوں کے لیے خصوصی پروٹوکولز، پرانی کمر درد، جوڑوں کے مسائل اور فیلڈ بیک سنڈروم کے لیے جدید تکنیکس، اور پی آر پی تھراپی (Platelet Rich Plasma Therapy) بھی دستیاب ہے، جو جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کو متحرک کر کے جوڑوں کی مرمت میں مدد فراہم کرتی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ اس کلینک کا مقصد برسوں سے درد کا شکار مریضوں کو سکون دینا ہے اور یہ پین مینجمنٹ کے شعبے میں پنجاب کے سرکاری صحت کے نظام میں ایک نئی مثال قائم کرے گا، جس سے صوبے بھر کے مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن روشن ہوگی۔