نیپرا نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کر لی۔ فیصلے کے مطابق، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا بنیادی ٹیرف 45.55 روپے سے کم کر کے 23.57 روپے فی یونٹ کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، چارجنگ اسٹیشنز پر 24.44 روپے کیپڈ مارجن ہٹانے کی درخواست بھی منظور کی گئی، اور مارجن کا تعین اب مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
دوسری طرف، وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اگلے 15 دن تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، جو 30 اپریل 2025 تک لاگو ہوں گی۔
حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی 8 روپے 72 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 78 روپے 72 پیسے کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی 7 روپے 1 پیسہ بڑھا کر 77 روپے 1 پیسہ فی لیٹر کر دی گئی ہے۔